ملتان، 13جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ایگریکلچر ایڈوائزری اور ٹاسک فورس کا مشترکہ اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے زرعی معیشت نے کروٹ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کو سبسڈی فراہم کرنے کے لئے کسان کارڈ کا اجراء انقلابی اقدام ہے، کاشتکاروں کو ابتک10876 کسان کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ محکمہ زراعت کسان کارڈ حاصل کرنے کے لئے فارمرز کی رہنمائی کرے، کسان کارڈ کے لئے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کی بیماریوں کا تدارک نہ کرنے کی وجہ سے جنوبی پنجاب کا کسان کاٹن کراپ کی مالی ثمرات سے محروم ہے، کاٹن کراپ کی بہتری کے لئے کسانوں کی تربیت کی جائے۔
علی شہزاد نے کہا کہ غیر معیاری پیسٹی سائیڈ اور کھادوں کے خلاف آپریشن لانچ کیا جائے، غیر معیاری اور جعلی پیسٹی سائیڈ اور کھادوں کے کاروبار میں ملوث عناصر کو عدالتوں سے سزائیں دلوائی جائیں، واٹر اور سائل ٹیسٹنگ کے عمل میں کسانوں کی بھرپور معاونت کی جائے۔
اجلاس میں محکمہ زراعت،پیسٹی سائیڈ، لائیوسٹاک،ایگری لیب اور پولیس کے افسران سمیت کھاد ڈیلرز اور کاشتکاروں کے نمائندے شریک ہوئے۔