اوکاڑہ،13جولائی (اے پی پی): ضلع کچہری میں تاریخ پیشی پر آئے دو متحارب گروپوں میں تصادم کے معاملے کا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم صادر کر دیا۔ جس کے نتیجے میں تھانہ صدر پولیس نے جھگڑے میں ملوث پانچ ملزمان جمال خالد محمد یاسر ولد نواز شاہد نوری ولد رفیق رضوان خان ولد امجد اور میاں وقاص بشیر پپو کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ کسی بھی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔شر پسند عناصر کو ضلع اوکاڑہ کا امن وامان تباہ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔جوکوئی شخص تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہو گا وہ سیدھا جیل جائے گا، قانون سے بالا تر کوئی نہیں ۔ ان کاکہنا تھا اس حوالے سے پروپیگنڈہ کرنے والوں کا بھی محاسبہ کیا جائے گا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ پولیس اس سارے معاملے کو مکمل میرٹ پر دیکھ رہی ہے پولیس کسی گروپ کا ساتھ ہرگز نہیں دے رہے اس حوالے سے جھوٹے پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے پولیس کو ضلع کچہری میں سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کا حکم بھی صادر کر دیا گیا ہے پولیس قانون کے مطابق ذمہ دار عناصر سے نمٹے گی۔