وفاقی کابینہ کاافواج پاکستان کو اسپیشل 15فیصد الاؤنس دینے کا فیصلہ

40

اسلام آباد، 13 جولائی  (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کو اسپیشل  15فیصد الاؤنس دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے رینجرز اور ایف سی کو بھی خصوصی الاؤنس کا کہا ہے ۔

منگل کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات  چوہدری  فواد حسین  نے کہا کہ کابینہ  نے پاک فوج کیلئے جاری بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد سپیشل الائونس 2021ء دینے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ دو سالوں سے فوج کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ گذشتہ سال سول و فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں سول ملازمین کے مطالبہ پر ان کی تنخواہوں میں  25 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا تاہم فوج کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ رینجرز اور ایف سی کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔