عوام کی ضروریات کا خیال رکھنا فرض اولین ہے: وزیر اعلی پنجاب  عثمان بزدار

34

لاہور، 14 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی ضروریات کا خیال رکھنا اولین فرض  ہے، نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  بدھ کو  یہاں رکن قومی اسمبلی ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ  سے ملاقات کے  دوران کیا، ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے امور، حلقے کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے  ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کو ان کے حلقے کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر ضلع کی یکساں ترقی کے ویژن پر عمل پیرا ہیں،تمام اضلاع کیلئے ڈویلپمنٹ پیکیج دیا گیا ہے،اب کوئی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں  نے  کہا کہ ڈویلپمنٹ پیکیج میں عوامی ضروریات اور منتخب نمائندوں کی مشاورت کو مقدم رکھا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کی طرح قومی اسمبلی کے اراکین بھی میرے ساتھی ہیں،تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی خرابیوں کو دور کر رہی ہے جبکہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہو گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیاگیا،سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا جبکہ ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔

وزیر اعلی  کا کہنا تھا کہ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے،ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں،اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھارہے ہیں۔