نارووال، 14 جولائی(اے پی پی) :ڈپٹی کمشنر نارووال نے ضلع نارووال کے شہریوں کے لئے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسین لازمی لگوائیں، اپنوں اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں، ڈپٹی کمشنر نارووال نے کہا کہ ضلع بھر کی تمام یونین کونسلوں اور ہر گاؤں میں عوام کو کورونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو لوگوں کو انکے گھر کی دہلیز پر جا کر ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کرینگے، کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے خدشات کے پیش نظر اس مرض سے بچاؤ کا واحد حل ویکسین ھے، اس لئے لوگوں کو چاہیئے کہ وہ ان ٹیمیوں سے تعاون کرتے ہوئے کورونا ویکسین ضرور لگوائیں، اور اپنے آپ اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو کورونا سے بچاؤ کی مفت ویکسین کی سہولت فراہم کی جا رہی ھے، لیکن بعض علاقوں میں عوام غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویکسین نہیں لگوا رہے، انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کا واحد حل ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسی نیشن ھے-