سکھر۔15جولائی(اے پی پی )سندھ کے 99یوسیز سیکریٹریز نے بحالی کیلئے سکھرمیں ریلی نکالی اورکہا کہ اسکرونٹی کمیٹی نے ہمیں پوسٹنگ سے جبری معطل کرکے ظلم کیا ہے۔ جمعرات کو سکھرمیں لوکل گورنمنٹ سندھ کے 99یوسیزنے محمد بن قاسم پارک تا سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی، ریلی کی قیادت زاہد لولائی ،عرفان علی میمن ،عبدالجبار جمالی ،اونگزیب سومرو نے کی۔ریلی کے شرکا نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے جعلی بھرتی کا الزام لگاکرہمیں پوسٹنگ سے جبری معطل کیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بحالی کے لئے ہم سے مبینہ طورپر رشوت مانگی جارہی ہے۔ ہم قانونی طریقے سے بھرتی ہوئے ہیں۔ہمیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، عید قریب ہے ،نوکری سے ہٹانے اور تنخواہ بند ہونے کی وجہ سے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک جاپہنچی ہے۔
متاثرہ یوسی سیکریٹریز سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سکھر کے رہنماو ¿ں علی مردان شیخ ،دانش قریشی و دیگر نے بھی ریلی میں شرکت کی اور یوسی سیکریٹریز کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ لوکل گورنمنٹ سندھ کی اسکرونٹی کمیٹی نے 2012.13میں بھرتی ہونے والے 99 یوسی سیکریٹریزکوجعلی بھرتی کے الزام میں نوکریوں سے برطرف کردیا ہے۔