ننکانہ صاحب،15 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر انسدادمنشیات بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قابضین کے خلاف کاروائی اور ترقیاتی سکیموں کے سلسلہ میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اعجاز احمد، چیئرمین ای ٹی پی بی ڈاکٹرعامراحمد، ڈپٹی کمشنر مصور خان نیازی، ڈی پی او بلال افتخار کیانی ودیگر ضلعی افسران نےشرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مصوراحمد خان نیازی کی جانب سے وفاقی وزراءکوسرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وزیراعظم کے عوام دوست ترقیاتی ویژن کے مطابق ای ٹی پی بی کی زمینوں کو صحت، تعلیم وسپورٹس سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر، وفاقی سیکرٹری کی قیادت میں متروکہ وقف املاک بورڈ ،ضلعی انتظامیہ،محکمہ پولیس ودیگر متعلقہ اداروں کے ممبران پر مشتمل کمیٹی بنائی جارہی ہے۔ مجوزہ کمیٹی سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائے گی۔ کمیٹی ناجائز قابضین اورمفاد عامہ کی سکیموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بلا تاخیردور کرے گی
وفاقی وزیر انسداد منشیات پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز قابضین اور خلاف قانون زمینوں کی خریدوفروخت کی روک تھام کے لیے نیب اور سپریم کورٹ تک جانے کے لیے تیار ہوں۔
پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ عنقریب سیدوالہ میں 74بیڈ پر مشتمل ہسپتال اور ننکانہ صاحب میں ٹراما سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور محکمہ اوقاف ملکر مفاد عامہ کی سکیموں کے لیے فوری طور پر زمینوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
وفاقی سیکرٹری ای ٹی پی بی نے کہا کہ ضلع بھر میں ای ٹی پی بی کی زمینوں پر صحت ،تعلیم اور سپورٹس کی سکیموں کے لیے کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائےگا۔