نارووال،15 جولائی ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نارووال نبیلہ عرفان نے کہا ہے کہ زندگی اللہ تعالی کی طرف سے انسان کو دی ہوئی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرناہوگی اور اچھی صحت کی بدولت ہی ہم پرسکون زندگی گزار سکتے ہیں، اس حوالے سے ہمیں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہر صورت کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسنیشن کرانا ہوگی، بصورت دیگر ہمیں کسی بڑی آزمائش سے گزرنا پڑ سکتا ہے، حکومت شہریوں کوممکنہ کورونا سے بچاؤ کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی سطح سے لے کر آر ایچ سیز، بنیادی مراکز صحت کے علاوہ تینوں تحصیلوں میں سنٹرز کا قیام اور موبائل سروس کا اجراء اور اب یونین کونسل کی سطح پر ڈور ٹو ڈور ویکسی نیشن کی سہولیات فراہم کررہی ہے، جس کا مقصد لوگوں کو کورونا جیسی مہلک وباء سے محفوظ رکھنا ہے۔انہوں نے یہ بات کمیٹی روم میں ضلع بھر کے لمبرداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عائشہ غضنفربھی اس موقع پر موجودتھیں۔ ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کہا کہ لمبردار معاشرے میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، اور لوگ ان کی آواز پر ایک ساتھ چلتے ہیں اور حکومت ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے لمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کو کورونا سے بچاؤ کے لئے حکومتی سطح پر کئے جانے والے اقدامات پران کا ساتھ دیتے ہوئے ڈور ٹو ڈور مہم کو کامیاب بنائیں، تاکہ کوئی بھی فرد کورونا ویکسی نیشن لگوانے سے رہ نہ جائے، اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلہ میں ان کی بھرپور معاونت کرے گی، اور اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ریونیو کے حوالے سے مختلف معاملات بطریق احسن نپٹانے کے لئے بھی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، جس پر انہوں نے کورونا ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے اور دیگر معاملات میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔