لاہور، 15 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی، ملاقات میں کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کورونا کیسوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اورایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں کو پہلے سے زیادہ احتیاط کرنا ہوگی،ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث کورونا میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کاحامل ہے،انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈلائنز پھر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے جبکہ ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائےگا۔
اس موقع پر صوبائی وزیرڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا کی تازہ صورتحال اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات اورویکسینیشن کے بارے میں بھی بریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرکے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں۔