لاہور،16 جولائی(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کشمیریوں کے دل جیت کر نہ صرف آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی بلکہ کشمیریوں کے دکھوں کا مداوا بھی کرے گی۔
جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کشمیر میں جاری انتخابی مہم اور مریم نواز کے بیانیے کو منفی قرار دیتے ہوئے معاون خصوصی نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر جس طرح ریاستی سرکاری سرمائے کو اس جھوٹ پر مبنی کیمپین میں استعمال کر رہے ہیں اس پر ان کا یقینی احتساب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو گمراہ کرنے اور مودی سرکار کو خوش کرنے کے لئے جس طرح ملکی مفاد کے خلاف گفتگو کی جارہی ہے کشمیری یقیناً اس کی حقیقت سے آگاہ ہیں اور اب وہ ان اپوزیشن جماعتوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار پاکستان تحریک انصاف کشمیریوں کے دل جیت کر نہ صرف یہ کہ حکومت بنائے گی بلکہ کشمیریوں کے دکھوں کا مداوا بھی کرے گی۔