ملتان، 17جولائی(اے پی پی): مون سون کی بارشوں کے پیش نظر ڈینگی کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میںسی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان اور ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مہدی سمیت 24 سے زائد محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ڈینگی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمیں الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ڈینگی سرویلنس بارے کارروائی تیز کردیں ، سرکاری اور نجی عمارتوں میں موجود کاٹھ کباڑ کو چیک کیا جائے ،جن کھلی جگہوں پر ٹائر موجود ہیں،ان کے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پلازے،بڑی عمارتوں اور ہوٹلوں کی چھتوں کی پڑتال کی جائے اور 311 انڈور ٹیموں کی ری سٹرکچرنگ کی جائے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران مختلف محکموں کی ڈینگی سرویلنس بارے کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔