پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے،پاکستان میں  پٹرولیم لیوی آج زیرو  ہے ؛ فرخ حبیب 

17

فیصل آباد، 17 جولائی (اے پی پی ):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب  نے کہا ہے کہ  جنوری سے جولائی تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، پٹرولیم لیوی آج زیرو  ہے  اور سیلز ٹیکس کو بھی حکومت نے پانچ روپے کم کر کے سولہ روپے سے گیارہ روپے پر کیا ہے، حکومت اپنی ٹیکس آمدن کا نقصان اٹھا کر عام آدمی کے اوپر کم سے کم بوجھ ڈالنا چاہتی ہے۔

ہفتہ کی دوپہر سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو خودساختہ اضافہ قراردیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی بڑھانے سمیت سیلز ٹیکس میں اضافہ کیا ہے مگر وہ چیلنج کرتے ہیں کہ نہ صرف پٹرولیم لیوی زیرو رکھی گئی ہے بلکہ سیلز ٹیکس میں بھی اضافہ نہیں کیاگیا اور اوگرا کی جانب سے 11روپے فی لیٹر اضافہ کے برعکس 50فیصد سے بھی کم نرخ بڑھائے گئے ہیں کیونکہ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت جو 34ڈالر فی بیرل تھی وہ اب 70سے75ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ اسحاق ڈار کا زمانہ یاد کرے جب پٹرول کی عالمی منڈی میں قیمت کا تمام بوجھ عوام پر ڈالا جاتاتھا  تاہم  حکومت لیوی کو کم کرتی جارہی ہے جو اب زیر و پر آگئی ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نےمزید  کہاکہ سیلز ٹیکس بھی 16سے کم کرکے 11روپے کیاگیا ہے حالانکہ پہلے کبھی ایسا نہیں ہوتاتھا۔