لاہور کے مسائل حل کرنے کے لئے چیف منسٹر سپیشل پروگرام  شروع کرنے کا فیصلہ

29

لاہور، 17 جولائی(اے پی پی): لاہور شہر اور شہریوں کے مختلف مسائل حل کرنے  کیلئے خصوصی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعلی ٰ عثمان بزدار  نے  متعلقہ محکموں کو فوری اس پروگرام کو حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کر دیں اور کہا کہ  شہر یوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے جامع پلان مرتب کر کے فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، لاہور پاکستان کا دل اورمعاشی سرگرمیوں کااہم مرکز ہے، لاہور کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداران کو بھی اس ضمن میں آن بورڈ لیا جائے گا، ان کو اونر شپ دی جائے گی۔

وزیر اعلی ٰ عثمان بزدار   نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے،سٹریٹ لائٹوں کی بحالی کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائےگا، تجاوزات کے رجحان  کے مکمل خاتمے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے  شہر میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے اور شہر میں گداگروں کے خلاف موثر مہم چلائے جانےاور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جانے کی ہدایت کی  اور  پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لئے مربوط پلاننگ اور اوور چارجنگ کے سدباب  کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے  منشیات کی خریدوفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی  کی ہدایت کی  اور کہا کہ شہرکی خوبصورتی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے،انتظامیہ پی ایچ اے کے ساتھ ملکر لاہور کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دے،لاہور میں مذید انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کے منصوبے پر کام تیز کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ شہر میں آوارہ کتوں سے شہریوں کو بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں پارکوں،گرین بیلٹس اور ہارٹیکلچر کی بحالی کے لئے خصوصی پلان تیار کیا جائے۔

 وزیر اعلی نے کہا کہ لاہورکی ترقی اور خوبصورتی بے حد عزیز ہے،لاہورشہرمیں بسنے والوں کے مسائل کے حل کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہوا کرگزریں گے۔شاہکام چوک، گلاب دیوی ہسپتال انڈرپاس اور شیرانوالاگیٹ اوورہیڈ کے منصوبوں کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو آمدورفت کی بے پناہ سہولتیں میسر آئیں گی، لاہورشہر کی ضروریات کے مطابق منصوبے بنائے گئے ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا اور لاہور کے شہریوں کیلئے ہر طرح کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کمشنر لاہو رڈویژن نے لاہور کے مسائل کے حل اورشہریوں کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اجلاس میں صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، یاسرہمایوں، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اورمتعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔