پاکستان تحریک انصاف 25جولائی کو آزاد جموں کشمیر کے الیکشن میں فاتح ہوگی؛ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

54

 

سیالکوٹ،17جولائی (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بہادر اور غیورکشمیری عوام پاکستان کامطلب کیا لا الہ اللہ ۔۔۔کا نعرہ لگا کر اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں ،ہندوستانی فوج مظلوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے پسند نہیں ہوئے۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان تحریک انصاف 25جولائی کو آزاد جموں کشمیر کے الیکشن میں فاتح ہوگی اور کشمیری عوام کو غلامی سے نجات دینے  کیلئے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی ۔

ہفتہ کو  یہاں میڈیا  سے  گفتگو میں  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنا کرکشمیری مہاجرین کی فلاح اور آزادی کشمیر کیلئے جدوجہدکرے گی۔ حق ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، عمران خان کے سپاہی پوری دنیا  میں  کشمیریوں کے حق کیلئے کوشاں ہیں،آزاد کشمیر کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کشمیریوں کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان ، عالمی طاقتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کررہے ہیں۔ کشمیری اپنے ہردلعزیز رہنما وزیر اعظم عمران خان کی راہ تک رہے ہیں،25جولائی کشمیریوں کی تقدیر بدلنے کا دن ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عید کی آمد آمد ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید قربان پر ویسٹ مینجمنٹ کےلئے صوبہ کے تمام اضلاع میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ڈویژن اور ضلع کی سطح پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ جات کو ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی ہوگی،بزدار حکومت بغیر شوبازی عوام کی حقیقی خدمت کر رہی ہے۔انہوں  نے کہا کہ پنجاب بھر میں فضلہ کو فوری ٹھکانے لگانے کیلئے پنجاب حکومت نے کمر کس لی ہے،سیالکوٹ میں بھی عیدالضحی پر فضلہ کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کیلئے انتظامیہ پوری طرح تیار ہے،سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 1260 ورکرز عید کے تین دن کام کریں گے،سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کل 101 مشینری جس میں منی ڈمپر/بکٹ/ ٹریکٹر ٹرالی/ ارم رولر ٹرک/ کمپیکٹر شامل ہیں عید کے تینوں دن فضلہ کو فوری ٹھکانے لگانے کیلئے متحرک رہے گی۔اِس کے علاوہ رینٹل 135 ایڈیشنل لیبر اور 135 ایڈیشنل مشینری جس میں پک اپ/ایکسکیوٹر/ ٹریکٹر/ ڈمپر بھی فضلہ کو ٹھکانے لگانے کیلئے رواں دواں رہیں گے۔ فضلہ کو فوری ٹھکانے لگانے کیلئے 40,000 ویسٹ بیگز شہریوں میں تقسیم کیے جائے گے۔