راولپنڈی،20جولائی (اے پی پی ):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں یہ ملک آگے بڑھ رہاہے،پاکستانی افواج اور سول ادارے ہر قسم کے حالات کے لئے تیار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لال حویلی راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں جو الیکٹرنک میڈیا کو سمجھتے ہوں وہ تیاری کریں کیونکہ آنے والے دنوں میں ہائیبرڈوار میں مزید تیزی آسکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس پر افغان سفیر واپس نہ جاتے تو اچھا ہوتا اور ہم چاہتے ہیں کہ افغان سفیر کی بیٹی خود تفتیش کا حصہ بنے اور اگر وہ اس کا مقدمہ نہیں بھی لڑنا چاہتی تو ریاست پاکستان اس معاملے کی مکمل چھان بین کرے گی۔انہوں نے بتایا ہے کہ ویسے تو اس معاملے کے کسی حد تک تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور افغان سفیر کی بیٹی جن مقامات کی سیر کرتی رہی ہے اور جن گاڑیوں میں گھومتی رہی ہے وہ عام دیہاڑی دارٹیکسی ڈرائیورز تھے جن کا سابقہ ریکارڈ بلکل کلئیر ہے اور وہ کسی بھی جرائم کی سرگرمیوں میں ہرگز ملوث نہیں پائے گئے جبکہ ملک دشمن اسے الگ شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغانستان کے حالات کا جوفیصلہ وہاں کی قوم کرے گی وہی پاکستان کا فیصلہ ہوگا کیونکہ وہاں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا مگر اصل مسئلہ پاکستان اور چین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر کے خطے میں لاء اینڈ آرڈر صورتحال کو خراب کرنا ہے اور بین الاقوامی طاقتیں یہ ہرگز نہیں چاہتیں کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہو۔
انہوں نے بتایا ہے کہ جوہر ٹاون کا واقعہ فیٹف سے ایک دن پہلے پیش آیا اور اسی طرح داسو کا واقعہ جے سی سی اجلاس سے ایک دن پہلے کیا گیا اور یہ افغان سفیر کی بیٹی کا معاملہ بھی افغان کانفرنس سے ایک دن قبل ہوا۔انہوں نے کہا ہے کہ دنیا میں ایک غلط تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام سیکورٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کو دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وزیراعظم عمران خان کشمیر کے لئے کھڑا ہے اور اس خطے میں ایک ابھرتے ہوئے لیڈر کے طور پر سامنے آ رہا ہے جو بھارت یا اسرائیل کو ہرگز پسند نہیں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ کشمیر میں مریم نواز کی انتخابی مہم کشمیر کے لئے یا نوازشریف کی جیت کے لئے نہیں ہے بلکہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ہے اور یہ شکست کا پہلے اعتراف کیا جا رہا ہے اور ابھی بتارہا ہوں کہ کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف جیتنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مریم نواز پچھلے دسمبر سے اس حکومت کے خاتمے کا علان کر رہی ہیں اور کمشیر انتخابات میں شکست کھانے کے بعد اگر وہ اسلام آباد میں دھرنا دینا چاہتی ہیں تو شوق سے دیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے بعد ڈپلومیٹک انکلیوکو خاص سیکیورٹی زون بنانے جا رہے ہیں، پاکستان کے تمام بارڈر محفوظ اور نوے فیصد باڑ لگا دی گئی ہے، جعلی شناختی کارڈز میں ملوث افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات افراد گرفتارکر لئے گئے ہیں۔











