پوری کوشش ہے آئندہ انتخابات میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے، نادرہ میں نیا نظام لارہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

32

اسلام آباد۔26جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ    تحریک انصاف آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے، پوری کوشش ہے آئندہ انتخابات میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے،   جب تک  نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) اپنی سیاست سے  غیر پارلیمانی اور غیر ذمہ دارانہ زبان کو نہیں نکالیں گے   پاکستان میں ان کا  کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے،پاک فوج کی عظیم قربانیوں کے بعد اب ایک محفوظ اور پر امن پاکستان موجود ہے، افغانستان  کی سرحد پر باڑ کی تنصیب  کا کام 14 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا، پاکستان میں ویزہ کے بغیر سالوں سے مقیم غیرملکی  14 اگست تک  پاکستان چھوڑ دیں یا  ویزہ کے لئے اپلائی کر دیں، اس صورت میں ان کو جرمانہ معاف کیا جائے گا، نادرہ میں  نیا نظام لارہے ہیں،   نادرا میں تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لا رہے ہیں، نور مقدم کیس میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی، افغان فوجیوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ افغانستان کے حوالے کیا جائے گا۔

پیرکویہاں وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ  تحریک انصاف آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے، پاکستان میں گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعد تحریک انصاف واحد ملک گیر جماعت بن چکی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پوری کوشش ہو گی کہ سندھ میں بھی حکومت بنائیں۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن کو 20 ہزار سول آرمڈ فورسز دی، یہ فوج کے علاوہ ہیں، پنجاب میں رینجرز اور ایف سی کو کہیں استعمال نہیں کیا حتیٰ کہ راولپنڈی میں بھی استعمال نہیں کیا، پنجاب پولیس نے زبردست کام کیا، لاہور کے کیس میں بھی انہوں نے بہت زبردست کام کیا اور اس کا کریڈٹ پنجاب پولیس کو جاتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کا اینٹی آرمی، اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے، وہ اس ایجنڈے پر کسی بھی انتہا تک جانے کو تیار ہیں، وہ حمد اللہ محب سے  مل سکتے ہیں  اور پھر اس کا دفاع  بھی کر سکتے ہیں، وہ مودی اور جندال کے ساتھ پگڑیاں بدل سکتے ہیں، نواز شریف کی کوشش ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان پھنسا رہے کیونکہ انہیں اس بات کی تکلیف ہے کہ عمران خان معیشت کو بہتر کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف نے کل آخری پیغام دیا کہ وہ بڑی تکلیف میں ہیں، ہم ان کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں، شہباز شریف نے تو درخواست نہیں دی، اگر وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں تو فی الفور ان کو چارٹر جہاز بھی دیا جا سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں لیکن وہاں سے کمپنی کی مشہوری کے لئے اینٹی سٹیٹ، اینٹی فوج اور اینٹی عمران خان تقریریں نہ کریں۔