وہاڑی؛سیکرٹری محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب سر فراز حسین خان مگسی نے میاواکی جنگل کا افتتاح کر دیا

78

وہاڑی، 28جولائی(اے پی پی):سیکرٹری محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف اینڈ فشریز جنوبی پنجاب سر فراز حسین خان مگسی نے میاواکی جنگل کا افتتاح کر دیا، آڈاپٹو ریسرچ فارم پر ایک ایکٹر رقبہ پر 1330پودے لگائے گئے ہیں۔

سیکرٹری محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب سر فراز حسین خان مگسی نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ جنگلات اور محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے درمیان ایک ایم او یو کے تحت مختلف شہروں میں میاواکی جنگل لگائے جارہے ہیں، محکمہ زراعت جگہ کی فراہمی اور افرادی قوت مہیا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ  محکمہ جنگلات پودے اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ فراہم کرے گا، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان  بزدار کے ویژن کے مطابق شجرکاری پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے، گزشتہ تین سالوں میں جنوبی پنجاب میں 11ہزار ایکٹر پر شجرکاری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سال میں ایک کروڑ 28لاکھ پودے لگائے جائیں گے،  حکومت جنگلات کے فروغ پر خصو صی توجہ دے رہی ہے ۔

سیکرٹری محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب سرفراز حسین خان مگسی نے  کہا کہ 10ہزار ایونیو میل نہروں کے کناروں پر پودے لگائے جا رہے ہیں، پودے لگانے کے ساتھ ساتھ انکی نگہداشت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاواکی جنگل میں مختلف انواع کے پودے کم فاصلے پر لگائے جاتے ہیں۔ پھلدار، سایہ دار اور جھاڑی نما پودے اکٹھے لگائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاریسٹ کا مقصد کم وقت میں گھنا جنگل تیار کرنا ہے، میاواکی جنگل سے آلودگی کا خاتمہ اور آب وہواترو تازہ کرنے میں مدد ملتی ہے، میاواکی جنگل وہاڑی میں فالسہ، شہتوت، شرین،کیکر اور نیم کے پودے لگائے گئے ہیں۔

بعدازاں سیکرٹری محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف اینڈ فشریز جنوبی پنجاب سر فراز حسین خان مگسی نے ڈائر یکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈاکٹر خالد پرویز کے ہمراہ وہاڑی چڑیا گھر کا بھی دورہ کیا۔

سیکرٹری جنگلات سرفراز حسین خان مگسی کو چڑیا گھر کے حوالے سے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔انہوں نے چڑیا گھر میں بھی پودا لگایا اور چڑیا گھر کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔