داسوحملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں استحکام پیدا ہو؛وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

56

کرا چی، 28 جولائی (اے پی پی ):وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چائنا سے ہمارے  تعلقات  ڈھکے چھپے نہیں ہیں،داسوحملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں استحکام پیدا ہو اور سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری ہو۔ اس لیے وہ ایسے بزدلانہ حملے کرتے رہیں گے اور ہمارا یہ عزم ہے کہ ہمیں مل کر اُنکے عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔

بدھ کو یہاں امیر بخش بھٹو کی رہائش گاہ  پر اُن کے والد و سینیئر سیاستدان ممتاز بھٹو کی تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میں ابھی چائنا سے آیا ہوں ،سی پیک کو کیسے لے کر چلنا ہے اس پر تبادلہ خیال کیا گیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ  پاک چین دوستی ایک دن میں نہیں بنی یہ سات دھائیوں سے قائم ہے اور اس مں بہت سی نسلوں کی کاوشیں ہیں اور مستقبل میں بھی چین کے ساتھ تعلقات کو نبھائیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کو فتح کرنا مقصد نہیں ہے، سندھ پاکستان کا ایک اہم حصہ ہے اور یہاں کے لوگوں کو بتانا ہے کہ اُنکے پاس متبادل بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے زرداری فیملی پر اعتبار کیا اور جو قربانیاں دیں وہ کسی سے چھپی نہیں ہیں مگراب قانون کی کیا صورتحال ہے، ویکسین کو بھی انہوں نے نہیں بخشا، صحت کا محکمہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کس کے پاس ہے؟ اور جوتھر میں ہندو برادری کے ساتھ شرم ناک واقع ہوا اُسکا کون زمہ دار ہے؟

 وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت اور قانون کی بات کرتی ہے مگر سندھ کے لوگ انصاف کیلئے تڑپ رہے ہیں،انہیں تھانے لے جاتے ہیں پرچے کٹواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کیساتھ ہمارا نسلوں کا تعلق ہے اور وہ قائم رہے گا۔

 نیشنل سکیورٹی کو حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آپ کو کیسا لگے گا جب کوئی آپکے گھر کو گالی دے گا کیا آپ اُس کو گلے لگائیں گے؟ گھر بلائیں گے؟ چاہے پلائیں گے ؟ نواز شریف نے جو ملاقات کی ہر پاکستانی کو برا لگاہم خدادر قوم ہیں، اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر اسطرح نہیں۔

آزاد کشمیر الیکشن کے سوال کے جواب پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیرمیں لوگوں نے مینڈیٹ کے زریعے تحریک انصاف پرجو اعتمادکا اظہار کیا ہے پاکستان تحریک انصاف کی فتح اُسکا منہ بولتا ثبوت ہے، میں نے پہلے ہی کہا تھا کے پی کے بعد تحریک انصاف کا قافلہ آگے بڑھے گا اور وہ بڑھا، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سندھ کارڈ کھیلتی ہے، یہ علاقائی لوگ ہیں، علاقائی سوچ ہے، سندھ کے لوگوں تک اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے، میں جانتا ہوں سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ2023 کے الیکشن میں سندھ کی صورتحال مختلف ہوگی، بلوچستان پاکستان کی اہم اکائی ہے جو قوتیں بلوچستان کوا لگ کرنا چاہتی ہیں ہم اُنکے عزائم کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔