عوامی روابط اور کانفرنس سے دونوں ممالک کے درمیان منفی تاثرات کو ختم کرنے اور مثبت پہلو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، پاکستانی صحافی حسن خان کی اے پی پی سے گفتگو

53

اسلام آباد۔28جولائی  (اے پی پی):  پاکستان اور افغانستان کے میڈیا کے شعبہ سے وابستہ ماہرین نے اس بات سے اتقاق کیا ہے کہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے حوالہ سے قائم منفی تاثر  کے خاتمہ میں میڈیا کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے اوراس ہدف کے حصول میں دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف میڈیا بلکہ عوامی سطح پربھی رابطوں کومزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک ۔ افغان  یوتھ فورم، انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اور وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے تعاون سے دوروزہ میڈیا کانکلیو کے پہلے روز منعقدہ مذاکرہ کے شرکا نے کیا۔

اس موقع پر افغان امور کے ماہر اور معروف صحافی حسن خان نے  اےپی پی   نیوزسے بات چیت کرتے ہوئے  کہا کہ  عوامی روابط اور کانفرنس سے دونوں ممالک کے درمیان منفی تاثرات کو ختم کرنے اور مثبت پہلو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ میڈیا عوام کی آواز ہوتا ہے، بدقسمتی سے دونوں اطراف کے میڈیا میں منفی رجحانات کو ابھارنے کا رجحان زیادہ ہے، افغانستان میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے پاکستانی صحافیوں کو سوشل میڈیا اور غیر ملکی میڈیا سے اس کے بارے میں معلومات ملتی ہیں، افغانستان میں اس وقت کئی پاکستانی چینلز دکھائے جا رہے ہیں تاہم پاکستان میں افغان چینلوں پر مکمل پابندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور مغربی میڈیا ایسا تاثر دے رہے ہیں جیسے طالبان پورے افغانستان پر قبضہ کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق سے آگاہی کیلئے دونوں ممالک کے میڈیا کو ایک دوسرے کے ممالک میں کام کرنے کی آزادی ہونی چاہئے۔