اسلام آباد، 29 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ظہور احمد آغا کو گورنر بلوچستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی کی حکومت نے بلوچستان کو سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا۔ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ بلوچستان پیکیج سے خطے کی ستر سالہ محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے حقیقی گیم چینجر ثابت ہوں گے، بلوچستان میں ترقی کے لئے امن ضروری ہے، امید ہے گورنر بلوچستان امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں، وفاق اور صوبائی حکومت کے مابین بہتر روابط کے لئے اپنا کردار جاری رکھوں گا، دونوں حکومتوں کے درمیان بہتر روابط کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو ہوگا۔
ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی موجود تھے۔