رواں سال ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع ہو جائے گی؛ وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر

14

اسلام آباد،29جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر  نے کہا ہے کہ حکومت بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی لانے اور ملک میں تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کئےہوئے ہے، رواں سال ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع ہو جائے گی، ریگولیشن ، معیار کو بہتر بنانے اور چارجنگ سٹیشنز کے حوالے سے معاملات کو مشکل نہیں بنانا چاہیے، ون ونڈو اور آن لائن آپریشن کے ذریعے ایک ہفتہ کے اندر منظوری کا عمل مکمل کرنے پر توجہ دی جائے، الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال بڑھنے سے پٹرول اور ڈیزل کی درآمد پر خرچ ہونے والے اربوں ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے  جمعرات کو نیشنل انرجی ایفیشنسی کنزرویشن اتھارٹی  (نیکا)کی مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت  نے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی  قیمتوں میں کمی اور ملک میں تیاری  پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ الیکٹرک  وہیکل پالیسی کے بہت اچھے اثرات سامنے آئے ہیں۔ اس پالیسی کے آنے کے بعد گاڑیوں کی درآمدی قیمت میں کمی ہوئی ہے اور مقامی طور پر  بجلی سے چلنے گاڑیوں کی تیاری کی طرف رجحان بڑھا ہے ۔ امید ہے کہ رواں سال  پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری بھی جلد شروع ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک موٹر بائیکس کی تیاری پہلے ہی شروع ہو چکی ہےاور اب اگلے مرحلے میں ملک کے اندر دیگر آلات کی تیاری ہو گی۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک نئی ٹیکنالوجی ہے اور اس کا انفراسٹرکچر  پر توجہ دینے کی  ضرورت ہے اور اس میں چارجنگ سٹیشنز اور انفراسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں نیشنل انرجی ایفیشنسی کنزرویشن اتھارٹی  (نیکا)کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے تاکہ حفاظتی امور،ٹیرف وغیرہ کو بہتر بنایا جاسکے اور ان گاڑیوں کوملک میں فروغ بھی دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نجی شعبہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کا انفراسٹرکچر بنانا شروع کر دیا ہے۔ حکومت اس کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہی ہے۔

حماد اظہر  نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ترقیاتی فنڈ اس پورے شعبہ کی ریگولیشن کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کررہا ہے ،نیکا کو چاہیے کہ وہ اس تمام عمل کو جلد سے جلد مکمل کرے تاکہ ریگولیشن، معیار کو بہتر بنانے اور چارجنگ سٹیشنز کے حوالے سے ایک بہتر پالیسی وزارت توانائی کو فراہم کی جا سکے تاکہ وہ کابینہ میں پیش کی جاسکے لیکن اس سلسلہ میں ریگولیشن اور معیار کو بہتر بنانے کے عمل میں چارجنگ انفراسٹرکچر کے لئے معاملات کو مشکل نہ بنادیا جائے اور لوگوں کو اس کے لئے سرکاری افسران اور سرخ فیتے کی رکاوٹوں کا سامنا نہ کرناپڑے۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ اس کے لئے ون ونڈو اور آن لائن آپریشن ہونا چاہیے اور ایک ہفتے کے اندر منظوری کاعمل مکمل ہونا چاہیے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک صاف شفاف اور بہتر طریقہ کار اختیار کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اربوں ڈالر کا پٹرول اور ڈیزل درآمد کرتے ہیں، الیکٹرک گاڑیوں سے اس میں کمی آئے گی۔