اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشترنے جمعہ کی صبح ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نےہسپتال میں جاری احساس تحفظ کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ احساس تحفظ پروگرام ہولی فیملی ہسپتال میں مکمل طور پر فعال ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نے وہاں مستفید شدہ مریضوں اور تیمارداروں، ہسپتال اور احساس تحفظ کے عملے سے تفصیلی بات چیت کی۔ہولی فیملی ہسپتال میں مستحق مریضوں کو فوری احساس تحفظ کی امداد کی فراہمی کیلیئے تحفظ ڈیسک بھی قائم ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ پروگرام کا دائرۂ کار رواں سال ملک کے14 ہسپتالوں میں بڑھایا جارہا ہے۔