کراچی۔30جولائی (اے پی پی):پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کراچی کے جنوب میں مشترکہ امدادی آپریشن کے ذریعے مرچنٹ ویسل سووری ایچ کے پھنسے ہوئے عملے کے ارکان کی بازیابی کو کامیابی کے ساتھ یقینی بنایا۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مرچنٹ ویسل سووری ایچ جو بھارت سے صومالیہ کے لئے روانہ ہوا تھا ، کراچی کے جنوب میں تقریبا 180 ناٹیکل میل کے فاصلے پر پھنس گیا ہے جس میں عملے کے 18 ارکان سوار تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مل کر بحری اور ہوائی جہاز کو فوری طور پر زمہ داری سونپی کہ پھنسے ہوئے جہاز کو امداد فراہم کرے اور قیمتی جانوں کو بچائے۔ پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے طیارے نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی سمندر میں پھنسے عملے کی مدد کے لئے لائف رافٹس گرائے اور قریبی مرچنٹ ویسل ایم ٹی ایلان وائٹل کے ذریعہ ان کی بازیابی کا اہتمام کیا۔ اب تک عملے کے 15 ارکان بازیاب ہوچکے ہیں جبکہ عملے کے 3 ارکان لاپتہ ہیں۔ پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز بھی وقوعہ کے مقام کے آس پاس لاپتہ عملے کی تلاش اور ریسکیو کے لئے آپریشن میں مصروف ہیں۔ پاک بحریہ NAVAREA IX کے مجموعی رابطہ کار کی حیثیت سے سمندری تحفظ کو ہمیشہ ترجیح دیتی ہے اور کسی ناگہانی صورتحال سے دوچار شپنگ کمیونٹی کو امداد فراہم کرنے کے لئے بھی ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔