راولپنڈی ۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ کشمیری عوام نے نوا زشریف کے بیانیے کو مسترد کردیا، انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کوکامیاب کروا کر کشمیریوں نے پی ٹی آئی کی مثبت پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے،احتجاجی تحریک ختم کرکے اپوزیشن کی انتخابی عمل میں شمولیت مستحسن قدم ہے، افغانستان بار ے ٹھوس اور دو ٹوک خارجہ پالیسی بہت بڑی کامیابی ہے، پر امن افغانستان پاکستان کی خوشحالی اور امن کا ضامن ہے، اپوزیشن نے جمہوری عمل کو تسلیم کرکے اچھا قدم اٹھایا،اب میں نہ مانوں کی سیاست کا بھی خاتمہ ہونا چاہیے،مریم نواز نے انتخابی مہم کے دوران ایک بار بھی بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت نہیں کی جس کے باعث ن لیگ کو شکست فاش ہوئی، تحریک انصاف سیاسی طور پر پہلے سے زیادہ مستحکم ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی سکڑ کر اندرون سندھ کی جماعت بن گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ ایم پی اے واثق قیوم،چوہدری محمد افضل اور دیگر پی ٹی آئی راہنماء بھی تھے۔وفاقی وزیر ہوابازی نے کہاکہ کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں افغانستان معاملے پر ہمیشہ بڑی طاقتوں نے پاکستان کو ڈکٹیٹ کیا،وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں بدامنی میں کسی کو کندھا دینے کو تیار نہیں،بھارت کی کوشش تھی کہ دنیا میں پاکستان کو اکیلا کیا جائے، ، دوحہ میں امریکہ، پاکستان، چین اور روس مل کر بیٹھیں گے اور افغانستان کا پرامن حل نکالیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ کشمیر پرئیمیر لیگ پہلی دفعہ ہورہا ہے، بھارت کی کوشش ہے کہ اس کو خراب کرے، بھارت کی جانب سے کھلاڑیوں کو دھمکانے کی مذمت کرتے ہیں، کشمیر میں ن لیگ کی حکومت ہے، الیکشن فری اینڈ فئیر ہوئے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں غلام سرور خان نے کہاکہ کورونا سے ایوی ایشن کی انڈسٹری پر بھی برے اثرات پڑے ہیں، ہماری ایوی ایشن کے خسارے کم ہوئے ہیں اور فائدہ زیادہ ہوا ہے۔ غلام سرور خان نے اسلام آباد کے ہوائی اڈے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، اسلام آباد ائیرپورٹ ن لیگ کی کرپشن کا شاخسانہ ہے۔قومی ایئر لائن کی نجکاری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ پی آئی اے کی فی الوقت نجکاری کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں البتہ پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ کررہے ہیں، اس سال نئے چار جہاز خریدنے جارہے ہیں،رنگ روڈ اسکینڈل پر تحقیقات چل رہی ہیں، ایڈمنسٹریٹیو خرابیوں پر کمشنر کو گرفتار کیا گیا، سکینڈل کی حتمی تحقیقات نیب کرے گا۔ غلام سرور خان نے کہاکہ یقین دلاتا ہوں کہ جو بھی تحقیقات ہوں گی منصفانہ ہوں گی ٹارگٹیڈ نہیں ہوں گی۔الیکٹروانک ووٹنگ اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر ہم تیاری کررہے ہیں، سنٹرل پنجاب میں بھی پی ٹی آئی جیتی اور سیالکوٹ کی نشست بھی ہم نے جیتی،پاکستان کی 6 اکائیوں میں تحریک انصاف کی نمائندگی موجود ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں سکڑ کر ریجنل جماعتیں بن چکی ہیں۔