سکھر،03اگست(اے پی پی): ملک بھر کے 68 اضلاع کی طرح سکھر شہر سمیت ضلع بھر میں پولیو کے موذی مرض کے خلاف پولیو مہم جاری ہے اور سکھر کے محکمہ صحت کہ جانب سے تشکیل کردہ ایک ہزار سے زائد ٹیمیں گھر گھر جاکر اور فکسڈ اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں ،صحت حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مقرر کردہ ہدف کا نصف ٹارگٹ مکمل کرچکے ہیں۔
دوسری جانب پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے بھی مختلف علاقوں اور پولیو کے مقررہ فکسڈ پوائنٹس کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر پولیو مہم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور وہاں پرموجود والدین سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی بھی اپیل کی ان کا کہنا تھا کہ اس مرض کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔