لاہور،03اگست(اے پی پی): سعودی عرب سے رہائی پانے والے 28 پاکستانی قیدی پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے وطن واپس پہنچنے پرانکا استقبال کیا۔ پی ٹی آئی کارکنان، قیدیوں کے لواحقین اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد اس موقع پرموجود تھی۔
سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سعودیہ میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی پر انہیں خوش آمدید کہنے آیا ہوں،ہمارے لیے یہ انتہائی خوشی کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل عید پر 62 اور آج 28 لوگ وطن واپس آئے ہیں، قیدیوں کی رہائی پر ہم وزیراعظم عمران خان اور سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، ان پاکستانیوں کو وزیراعظم کی کاوشوں کی وجہ سے اپنے پیاروں سے ملنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، گلف میں پاکستانی قیدی زیادہ ہیں اس لیے وہاں زیادہ فوکس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا اس موقع پر پوری قوم کی طرف سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سعودی عرب سے رہائی پانے والے 19 میں سے 7 قیدیوں حیات اللہ، زاہد خان، رحیم اللہ، عمران خان، غلام خان، محمد اسماعیل اور عبیداللہ کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے، رہائی پانے والے سراج خان کا تعلق لوئردیر سے ہے جبکہ محمد زبیر کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، رہائی پانے والوں میں سوات کے رحمت شاہ اور شبیر شاہ بھی شامل ہیں۔ کرم ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ارہب حسین بھی رہائی پانے والوں میں شامل ہیں۔ صفدراللہ باچا اور نہار احمد کا تعلق چار سدہ سے ہے،اکرام اللہ شاہ کا تعلق ہنگو سے ہے، مردان سے تعلق رکھنے والے عزت خان ،پشاور سے تعلق رکھنے والے سید محمد، ایبٹ آباد کے آصف رضا اور لاڑکانہ کے غلام مرتضی بھی رہائی پانے والوں میں شامل ہیں۔
اس موقع پر رہائی پانے والے قیدیوں سراج خان ،غلام مرتضی و دیگر نے جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک واپس آکر انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے، لمبے عرصے بعد اپنے پیاروں سے ملنے کیلئے بیتاب ہیں، ہم وزیراعظم عمران خان کے شکر گراز ہیں جنہوں نے ہماری رہائی کے لیے ہر مکمن اقدامات کئے اورہمارے جرمانے بھی ادا کئے۔