کوئٹہ،03اگست (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے گوادر کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جغرافیائی حوالے سے بلوچستان سینٹرل ایشیاء تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے جس سے وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی اور تجارتی مواقع بڑھانے کے روشن امکانات ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک کے پیش نظر ہمیں نئی نسل کو جدید ہنر سکھانے پر توجہ مرکوز کرنی ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہاؤس ، کوئٹہ میں پارلیمنٹیرینز کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور وزیر اعلی جام کمال خان بھی موجود تھے ۔
ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی امن و اومان کی صورتحال ،جاری ترقیاتی منصوبوں ، سرحدی تجارت، بارڈر ماکیٹس کے قیام ، لینڈ ڈیجٹلائزیشن مینجمنٹ ، نئے لیبر قوانین ، صوبے میں سیاحت کے فروغ اور خطے میں رونما ہونیوالی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
پارلیمنٹیرینز سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت، ماہی گیری اور لائیوسٹاک کی ترقی کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم درست سمت میں اقدامات اٹھائیں اور دستیاب وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنایا جائے۔