لاہور،03اگست(اے پی پی): سینیٹراعجاز احمد چوہدری نے سعودی عرب سے رہائی پانے والے 28 پاکستانی قیدیوں کا وطن واپس پہنچنے پرانکا استقبال کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سعودیہ میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی پر انہیں خوش آمدید کہنے آیا ہوں، ہمارے لیے یہ انتہائی خوشی کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل عید پر 62 اور آج 28 لوگ وطن واپس آئے ہیں، قیدیوں کی رہائی پر ہم وزیراعظم عمران خان اور سعودی حکومت کے شکر گزارہیں، ان پاکستانیوں کو وزیراعظم کی کاوشوں کی وجہ سے اپنے پیاروں سے ملنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، گلف میں پاکستانی قیدی زیادہ ہیں اس لیے وہاں زیادہ فوکس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا اس موقع پر پوری قوم کی طرف سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔