لاہور،03 اگست(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے صوبائی وزیرِ مذہبی امور اوقاف سید سعید الحسن شاہ اور دیگر وفود کی ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں سے افغانستان میں امن آگے بڑھا، افغان امن کیلئے پاکستان جوکرسکتا ہے کر رہا ہے اور کر یگا، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر نیوالے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ایک لمحے کیلئے بھی ان سے دور نہیں ہوسکتے،22کروڑ پاکستانی کشمیریوں کےساتھ ہیں 5اگست کو یوم استحصال منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج مسئلہ کشمیر دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے عالمی برادری اس پر بات کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کا کشمیر میں 729روز سے جاری لاک ڈاون انسانی حقوق کا قتل عام ہے، پاکستان کی کوششوں سے آج مسئلہ کشمیرپر یورپی پارلیمنٹ سمیت ہر جگہ بات ہو رہی ہے، خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل اور بھارتی دہشت گردی کا خاتمہ لازم ہوچکا ہے، پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے تمام مکتبہ فکر کے علماء کو ملکر کام کرنا ہوگا،محرم الحرام میں امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی ادارے مکمل طور پر متحر ک ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔