کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات مسلم اور عرب دنیا کے عدم اطمینان کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں، وزیراعظم عمران خان کی عرب پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو

15

اسلام آباد۔3اگست  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات مسلم اور عرب دنیا کے عدم اطمینان کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں، مسلم ممالک دیرینہ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا مقابلہ کرنے کیلئے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرب پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے عادل بن عبدالرحمن العسومی کی قیادت میں منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے عرب پارلیمنٹ کے صدر اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ عرب دنیا اور پا کستان کے عوام کے درمیان تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر جیسے تنازعات مسلم اور عرب دنیا کے عدم اطمینان کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے فلسطین اور کشمیر کے مسائل کی حمایت کیلئے مسلم امہ کے مابین یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان دیرینہ تنازعات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا مل کر مقابلہ کریں۔ انہوں نے وفد کو نیا پاکستان کے حوالے سے اپنے وژن کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی سلامتی کے تین ستون ہیں جن میں امن، ترقیاتی شراکت داریاں اور رابطہ کاری شامل ہیں۔ اس موقع پر عرب پارلیمنٹ کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فلسطین سمیت مسلمانوں کے مقاصد کی حمایت میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔ عرب پارلیمنٹ کے صدر نے مسلم امہ کو درپیش علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متفقہ طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔