وفاقی کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دی گئی،انتخابی اصلاحات کیلئے 49 تجاویز مرتب کی ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر اعتراض ہے تو اپوزیشن اپنی تجاویز دے ، چوہدری فواد حسین

17

اسلام آباد۔3اگست  (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین  نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا  کہ  وفاقی کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات میں ہم اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، سینیٹ کمیٹی ابتدائی نشست کر بھی چکی ہے، ہم اپوزیشن کے ساتھ معاملات آگے بڑھا رہے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کشمیر انتخابات کشمیر کے وزیراعظم نے کروائے، ان کے ہم زلف الیکشن کمیشن کے سینئر رکن تھے، الیکشن بھی کمیشن کشمیر کے وزیراعظم نے لگایا، سارا پیسہ کشمیر کی حکومت کے پاس تھا، پولیس اور بیورو کریسی بھی ان کے تابع تھی، اس کے باوجود ن لیگ کو بری طرح شکست ہوئی تو انہوں نے دھاندلی کا رونا شروع کر دیا۔ جب ہر ہارنے والا کہے گا کہ الیکشن دھاندلی سے ہوئے ہیں تو جمہوری عمل کیسے آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بڑے معاملات پر اپنی پوزیشن لینا ہوگی۔ ہم نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپنی 49 تجاویز دی ہیں، ان میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین سب سے اہم تجویز ہے، ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینا چاہتے ہیں، اب اپوزیشن ہماری تجاویز پر اتفاق کرلے، اگر ان کا اتفاق نہیں ہے تو وہ اپنی تجاویز لے آئے۔