اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے آغاز میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 28 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، یہ وزیراعظم کی کوششوں کا حصہ ہیں، اب تک سینکڑوں قیدی بیرون ملک سے پاکستان واپس آئے، یہ وہ قیدی ہیں جو چھوٹے جرائم میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ صرف عمران خان اوورسیز پاکستانیز بالخصوص مزدور طبقہ کے لئے درد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل سفارت خانوں میں ان لوگوں کو داخل نہیں ہونے دیا جاتا تھا، ہم نے غفلت برتنے پر سعودی عرب میں پورے سفارت خانے میں کارروائی کی اور عملے کو معطل کیا، دفتر خارجہ کو واضح ہدایات ہیں کہ کارکردگی کا سب سے اہم معیار یہ ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ان کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، قونصلر اور سفارت کاروں کا فرض ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے گھر کا فرد سمجھیں، پاکستانی سفارت خانہ کا فرض ہے کہ وہ ان کو عزت و احترام دے، ان کے کام اور ان کا اطمینان ہی افسران کے بیرون ملک رہنے کیلئے سب سے اہم ہے۔











