پاکستان کی افواج ، اداروں، عوام اور علماء نے ہمیشہ انتہا پسندی کو شکست دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے، وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی کا علماء کنونشن سے خطاب

19

اسلام آباد۔3اگست  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور  حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ  پاکستان کی افواج ، اداروں، عوام اور علماء نے ہمیشہ انتہا پسندی کو شکست دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے۔آئین پاکستان نے سب کے حقوق کا تعین کر دیا ہے، سب کو اس کی پاسداری کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام ‘ملی ارتباط :مختلف مسالک کے درمیان روابط و حسن تعامل کا لائحہ عمل’ کے عنوان پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کل سے پنجاب میں یکساں نظام تعلیم نافذ ہو چکا ہے، یکساں نصاب میں اقلیتوں کا سب سے زیادہ تحفظ کیا گیا ہے ، یکساں نصاب تعلیم میں ایک جملہ ایسا نہیں ہے جس سے کسی مذہب یا مسلک کی دل آزاری ہو، متحدہ علما بورڈ نے کئی دن لگا کر ایک ایک کتاب کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ  اسلامی نظریاتی کونسل ایک نعمت کی صورت میں قانون ساز ادارہ ہے، وزیراعظم کہہ چکے ہیں اسلامی نظریاتی کونسل سفارشات دے، ہم اس پر عملدرآمد کرتے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد بل بہت زیر بحث ہے، اسلام میں خواتین کو سب سے زیادہ حقوق اسلام نے دیئے ہیں۔