وزارت داخلہ میں کرپٹ افراد کے خلاف جھاڑو پھیر دیں گے، الیکشن سے پہلے نیب کے کرپشن کیسز کے فیصلے ہو جائیں گے ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

24

اسلام آباد۔4اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، عمران خان کی حکومت جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے، شہباز شریف نے مفاہمت کے لئے آگے بڑھنا ہے، نالائق اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ بدھ کو انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈی میں میڈیا سے گفتگوکرتےہوئے انہوں نے کہا کہ اس خطے میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ آنے والے 6 ماہ خطے کے لئے اہم ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے خطے کے حالات کے نتاظر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے جس میں وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات  بھی شامل ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ افغانستان کے فیصلے افغان قوم نے کرنے ہیں ۔ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمارے لئے قابل قبول ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ 680 مراکز سے ویکسی نیشن کے 2 لاکھ سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 280 گاڑیاں ویکسی نیشن کے سرٹیفکیٹس جاری کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور اس کے تمام ذیلی اداروں میں بد عنوان ملازمین کاخاتمہ کریں گے اور اسے پاک کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 110 وارڈز کی حلقہ بندیاں کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوا رہے ہیں ۔ اس نے اب فیصلہ کرنا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے ۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو اب سمجھ آ گئی ہے۔ پاکستان کی سیاست  میں نئی علاقائی سیاست آ رہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کا اس میں کلیدی کردار ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں مفاہمت اور مزاحمت دونوں سیاستیں جار ی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پاکستان میں کرپشن کےمقدمات کے فیصلے 2 سال میں ہو جائیں گے۔ بھارت نے عالمی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روک دیا جو افسوس ناک ہے۔ ہم اقوام  متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کا حل چاہتے ہیں۔ عمران خان کی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ بھارت کے ادارے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کا اہم کام پاکستا ن میں آبی ذخائر کی تعمیر ہے۔ اس سے پانی کے مسائل حل ہوں گے اور اس سے سستی بجلی پیدا ہو گی۔ موجودہ  حکومت نے ملک کو ڈیفالت ہونے سے بچایا۔ کرپٹ لوگوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے خلاف شہباز شریف نے درخواست نہیں دی  ، ا س کا وقت نکل گیا ہے ، اب وہ اگر الیکشن کے وقت پاکستان آتا ہے تو اسے سیدھا جیل جانا پڑے گا۔ شہباز شریف نے وہی حکمت عملی اختیار کررکھی ہے جو نواز شریف کی سعودی عرب سے پاکستان واپسی پر اختیار کی تھی۔