صوابی۔5اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں کوئی کمی نہیں آئی،عالمی ادارے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں پاکستان دنیا میں تیزی سے ماحولیاتی تبدلیوں سے متاثر ہونے والا ملک ہے، خیبر پختونخوا حکومت میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بلین ٹری سونامی منصوبے کا آغاز کیا گیا، بلین ٹری سونامی منصوبے سے 3لاکھ 50ہزار ایکڑ زمین کا کٹاو روکا گیا۔ جمعرات کو یہاں جامع صوابی میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں سپیکر نے پودا لگایا ۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کی کامیابی کا اعتراف عالمی اداروں نے کیا۔ خیبر پختونخوا دنیا کا واحد صوبہ بن گیا کہ جس نے ’’بون چیلنج ‘‘وقت سے پہلے مکمل کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں عوام سے خصوصی درخواست کرتا ہوں کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ’’بلین ٹری سونامی‘‘ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اپنے بچوں اور آئندہ نسلوں کو ایک سر سبز اور صاف پاکستان دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کی غیر آئینی اور غیر انسانی اقدامات کی پرزور مذمت کرتا ہوں ۔وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی حکومت اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان نے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائی ہے۔