لاہور5 اگست(اے پی پی ): وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کااجلاس ہوا۔اجلاس میں راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا ۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر یاور بخاری،وزیر جنگلات سبطین خان،تیمور بھٹی،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ،سیکریٹری بلدیات اور اعلیٰ پولیس افسران متعلقہ کمشنرز، آرپی اوز، ڈی پی اوز،ڈپٹی کمشنرزاور امن کمیٹیوں کے ارکان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ امید ہے پہلے کی طرح علماء کرام اور امن کمیٹیوں کا مثالی تعاون رہے گا پاکپتن کی انتظامیہ عرس بابا فرید شکر گنج کے سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی نظر رکھےسوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے پر محکمہ سی ٹی ڈی پہلے ہی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے وال چاکنگ، ہوائی فائرنگ سمیت دیگر پابندیوں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد، سہولت کاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے مذہبی اجتماعات اور جلوسوں میں کورونا ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائی جائےمحرم سے پہلے تجاوزات، صفائی، نکاسیء آب اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب جیسے امورنمٹا لیے جائیں یوم آزادی کی تقریبات سے محرم کے جلوسوں اور مجالس کا تقدس مجروح نہ ہونے دیں ۔انتظامیہ مقامی اراکین اسمبلی ،امن کمیٹیوں اور تعزیہ لائسنس ہولڈرز سے مسلسل رابطہ رکھے: راجہ بشارت نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپنے علاقے میں اہم تنصیبات اور حساس مقامات کا بروقت سیکیورٹی آڈٹ کروائیں۔اجلاس میں راجہ بشارت کی مرحومہ خوشدامن کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔