مظفرآباد۔5اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کی خوشحالی کی خاطر پاکستان کی جانب اپنا مخاصمانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ترک کر دے، ہر سازش کے بعد پاکستان پہلے سے مزید مضبوط بن کر ابھرے گا، بھارت نے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تصفیہ طلب تنازعات کے حل کی بجائے کشیدگی جاری رکھی تو اسے غربت اور پسماندگی جیسے کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کو دبائو میں لا سکتا ہے تو وہ بہت بڑی غلطی فہمی میں مبتلا ہے، کشمیر پر ہمارا موقف تبدیل نہیں ہو گا، پاکستان بھارت کے ساتھ اس وقت تک مذاکرات نہیں کرے گا جب تک وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال نہیں کر دیتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد مہاجر کیمپ ٹھوٹھہ میں مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردارعبدالقیوم خان نیازی، وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پارلیمانی سیکرٹری برائے امور کشمیر ثوبیہ کمال نے بھی خطاب کیا جبکہ ممبران قومی اسمبلی ڈاکٹر نوشین، رخسانہ نوید، ظل ہما، غزالہ سیفی، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر شکیل قادر خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد، آئی جی پولیس سہیل حبیب تاجک ودیگر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، کشمیریوں کی جدوجہد دہشت گردی نہیں بلکہ آزادی اور استصواب رائے کے حصول کی جدوجہد ہے، اقوام متحدہ بھی غاصب اور ظالم کے خلاف آزادی کی تحریکوں کی اجازت دیتا ہے، پاکستان کی کوشش ہے کہ امن کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل ہو جبکہ ہندوستان جنگ کی کوشش کرتا ہے لیکن اسے خبردار کرتے ہیں کہ ایسا سوچنا بھی نہیں، بالاکوٹ والا واقعہ سب کو یاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی تاریخ مٹا کر جھوٹ پر مبنی نئی تاریخ لکھنا چاہتا ہے لیکن تاریخ کبھی نہیں مٹتی، ہندوستان کی غلط فہمی ہے کہ کشمیری کمزور ہو جائیں گے، آزادی کا جذبہ دلوں میں ہوتا ہے اور یہ جذبہ صدیوں تک ختم نہیں ہو سکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان طاقت کو مسئلے کا حل نہیں سمجھتا لیکن اس کے باوجود پاکستان پر تین جنگیں مسلط کی گئیں، ہندوستان جھوٹ اور پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوششیں کرتا ہے، وہ جو مرضی کر لے کشمیریوں کے جذبہ کو ختم نہیں کر سکتا، اس میں اتنی جرأت نہیں کہ ہمارا مقابلہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت کا تعصب آر ایس ایس اور ہندوتوا کی عکاسی کرتا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کر رہا ہے تاکہ وہاں ہندوئوں کی اکثریت ثابت کر سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشمیریوں کے سفیر عمران خان نے دنیا کو ہندوستان کی اصلیت دکھائی ہے، کشمیریوں کی جدوجہد 1947ء سے بھی پہلے کی ہے، 1989ء کے بعد ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں، 20 ہزار کشمیری خواتین بیوہ ہوئیں، ایک لاکھ 8 ہزار کشمیری بچے یتیم ہوئے، 12 ہزار کشمیری مائوں بہنوں کی آبروریزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی کامیاب ترین فوج ہے، پاک فوج نے جس انداز سے اس خطہ میں امن کیلئے کوششیں کی ہیں ایسی مثال نہیں ملتی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ جب پاکستان بنا تو اس وقت طے کیا گیا تھا کہ مسلم اکثریتی علاقے پاکستان جبکہ ہندو اکثریتی علاقے ہندوستان میں شامل ہوں گے، اس وقت کشمیر کے خلاف سازش کی گئی تو کشمیریوں نے اپنے حق خودارادیت کیلئے جہاد شروع کیا تو ہندوستان اقوام متحدہ میں چلا گیا اور اقوام متحدہ میں ہندوستان نے اس وقت دنیا کو دکھانے کیلئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا مگر اس کی نیت خراب تھی ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا خواب تھا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو، ہم امن چاہتے ہیں جس کو غلط سمجھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان اپنی قوم سے جھوٹ بول کر اور بیوقوف بناکر دھوکہ دیتا ہے، ہندوستان کے اقدامات آر ایس ایس اور ہندوتوا کی 100 سال پرانی کہانی کے عکاس ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جب تک کشمیرکا مسئلہ حل نہیں ہوتا کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔