یوم استحصال کشمیر:بارسلونا میں بھارتی قونصل خانہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، بھارتی مظالم کی مذمت

5

بارسلونا، 06اگست(اے پی پی): ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین اور پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے زیراہتمام  بھارتی قونصل خانہ کے سامنے 5 اگست یوم استحصال احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جس میں بارسلونا اور اس کے قرب وجوار میں مقیم  پاکستانی وکشمیر کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

 مظاہرین نے کتبے اور پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور پر جوش انداز میں نعرے بازی کرتے رہے۔  انہوں نے دہشت گرد دہشت گرد بھارت دہشت گرد، بھارتی فوج واپس جائے، ہم کیا چاہتے آزادی ،دہشت گرد دہشت گرد مودی دہشت گرد کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کامران خان نے اردو انگلش اور ہسپانوی زبان میں قرار داد پیش کی جس میں انہوں نے 5اگست2019 کو مودی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر کی آئینی حیثیت 5اگست 2019 سے پہلے والی نہیں ہو جاتی۔

مظاہرین میں کشمیری رہنما چوہدری ظہیر عاطف،راجہ رفیق،محمد شفیق تبسم، محمد ناصر شہزاد،چوہدری ساجد گوندل،خالد شہباز چوہان، چوہدری واصف نذیر بجاڑ، چوہدری میاں خان،یاسر ادریس، نعمان علی چوہدری،چوہدری ثاقب طاہر،چوہدری شہباز کھٹانہ، چوہدری محمد عاصم گوندل،حاجی نوید وڑائچ،پروفیسر طاہر عظیم اور دیگرنے شرکت کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔