رحیم یار خان؛کمشنر بہاولپور ڈویژن ظفر کا شرپسندی کا نشانہ بننے والے مندر کا دورہ،مندر کی دوبارہ تزین و آرائش کا معائنہ کیا

61

 

رحیم یار خان،06 اگست (ا ے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے آر پی او زبیر دریشک کے ہمراہ بھونگ میں شرپسندی کا نشانہ بننے والے مندر کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور ڈی پی او اسد سرفراز بھی ہمراہ تھے۔

 کمشنر بہاولپور اور آر پی و نے ہندو کمیونٹی کے افراد سے ملاقات کی اور  مندر کی دوبارہ تزین و آرائش کا بھی معائنہ کیا۔

کمشنر بہاولپور نے مندر کی تزین و آرائش پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مندر پر حملہ ایک افسوسناک اور ناقابل قبول واقعہ ہے،  ملک کا قانون اور آئین اقلیتوں کے حقوق اور جان ومال کا ضامن ہے۔

ڈویژنل کمشنر کیپٹن ظفر اقبال نے کہ شرپسند عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا،اس ملک میں بسنے والے مسلمان، ہندو، عیسائی، سمیت تمام اقلیتی ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گی،مستقل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب دیا جارہاہے۔ جہاں اقلیتی آبادی ہے وہاں علاقائی سطح پر پیس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

کمشنر بہاولپور نے کہا کہ علاقائی امن کمیٹیوں میں تمام مذاہب اور مسالک کے سرکردہ شخصیات شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مندر پر حملہ کرنے والوں نے ملحقہ امام بارگاہ پر بھی شر انگیزی کی۔مذہبی و لسانی فسادات کی خواہش لیکر آنے والے شرپسند عناصر کے عزائم ہندو مسلم اتحاد کے باعث خاک میں مل گئے،قیام امن کے لئے امن کمیٹی نے مثالی کردار ادا کیا۔

آر پی اوبہاولپور نے کہا کہ پولیس نے فوری طور پر محدود وسائل کے باجود اقلیتی برادری کے تحفظ کو یقینی بنایا،مندر پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا تحفظ ہمار ی ذمہ داری ہے۔