اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے وزیر اعظم عمران خان دوسرے ملکوں کے سربراہوں سے ذاتی نہیں بلکہ صرف ملکی مفاد میں ملتے ہیں،مریم صفدر کے والد کو واپس لا کر سیدھا جیل بھیجیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ باجی مریم کو پیغام ہے کہ ایک ذمہ دار عہدیدار کی حیثیت سے ضمانت دیتا ہوں کہ وہ اپنے والد کو واپس بلائیں وہ سیدھے جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی فون وزیراعظم پاکستان کو آنا تھا، مسئلہ ان کو ہو رہا ہے، انہوں نے ماضی میں بیرون ملک حکمرانوں سے ذاتی تعلقات قائم کئے، ذاتی مفادات کیلئے سربراہان مملکت سے تعلقات بنائے۔ انہوں نے کہا کہ فون آئے یا نہ آئے ہمیں اپنے ملکی مفاد کا تحفظ کرنا ہے، ہم مال پانی لوٹ کر بیرون ملک نہیں گئے، آپ کو گھر سے نکل جانے کا کہہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ویزے میں توسیع نہیں ہو سکتی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ نواز شریف نے برطانیہ میں ویزہ میں توسیع کیلئے درخواست دی، وہ سمجھے کہ یہاں بھی لاہور جیسے سیاسی یتیم بیٹھے ہوں گے جو انہیں فوری توسیع دے دیں گے۔