سیالکوٹ،11اگست (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نےکہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق مقامی برآمدات میں اضافہ کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، سرجیکل سٹی کے قیام کیلئے سیالکوٹ میں موزوں اراضی کا انتخاب کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہا ر کمشنر نےسیالکوٹ میں سرجیکل سٹی کے قیام اور سیالکوٹ ٹینری زون میں ٹینری یونٹس کی منتقلی کیلئے ”ریجنل اکنامک گروتھ اسٹریٹجی“ کے تحت پراجیکٹ مینجمنٹ ایمپلی منٹیشن یونٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سیالکوٹ ٹینری ایسوسی ایشن، سرجیکل مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کےعہدیداران اور متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر ، متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت سے سرجیکل سٹی کی اراضی کو ایکوائر کریں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کے لئے مقامی صنعتکاروں اور انڈسٹریز کو تمام سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔برآمد کنندگان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹینری زون کو جلد مکمل آپریشنل کیا جائےگا۔ٹینری مالکان اپنے یونٹس ٹیزی زون میں منتقل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔485ایکڑ پر محیط سیالکوٹ ٹینری زون ماحول دوست پراجیکٹ ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ سیالکوٹ ٹینری زون میں ٹینریوں سے خارج ہونے والے کیمیکل زدہ پانی کو ٹرٹیمنٹ پلانٹ پر فلٹر کیا جائے گا۔سیالکوٹ ٹینری زون کیلئے حکومت پنجاب نے زمین کی خریداری کیلئے آسان شرائط پر قرضہ دیاہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ قیصر اقبال بریار نے کہا کہ سیالکوٹ برآمدات کی مد میں سالانہ 2.5ارب ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ کما کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔لیدر پراڈکٹس کی مد میں 500ملین ڈالراور آلات جراحی کی مد میں 400ملین ڈالرکی ایکسپورٹ ہے ۔سرجیکل سٹی کے قیام سے سرجیکل انڈسٹری ترقی کرے گی ۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ ٹینری زون میں ٹینری یونٹس کی منتقلی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ سے ملکر ٹینری یونٹس کو شہر سے ٹینری زون میں منتقلی کیلئے اقدامات کرینگےاورسرجیکل سٹی کے قیام کیلئے موزوں اراضی کا جلد انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔