یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تحت ہیلتھ کارڈ پر مستحق افراد سالانہ10 لاکھ تک علاج کروا سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا کسان کنونشن سے خطاب

25

بہاولپور۔11اگست  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کاشتکار طبقہ کو ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مستقبل، غربت میں کمی اور خوشحالی کیلئے کاشتکاروں کی مدد ہمارا فرض ہے، کسان کارڈ ایک انقلاب ہے  اس سے کاشتکاروں کو براہ راست سبسڈی مل سکے گی، کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ سے پاکستان کو فائدہ ہو گا، پیداوار بڑھے گی، قیمتیں کم ہوں گی، پاکستان کے مستقبل کا راستہ تحقیق ہے، پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو غربت کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ وہ بدھ کو کسان کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔  وزیراعظم نے کہا کہ میرے سیاست میں آنے سے پہلے یہ خواب تھا کہ ہر پاکستانی کیلئے ہیلتھ انشورنس کی سہولت ہو، ہم نے ہیلتھ انشورنس کا پروگرام شروع کیا ہے جس سے ہر شہری کسی بھی سرکاری یا نجی ہسپتال میں 10  لاکھ روپے کر اپنا علاج کرا سکے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی والدہ جب کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہوئیں تو اس وقت ہمیں احساس ہوا کہ علاج کتنا مشکل ہے، اسی وجہ سے ہم نے کینسر کے علاج کیلئے شوکت خانم ہسپتال قائم کئے جہاں 70 فیصد مریضوں کو مفت علاج کی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں ہر شہری کو صحت کارڈ دیا جا رہا ہے ایسا امیر ترین ممالک میں بھی ممکن نہیں، اس سال کے آخر تک پنجاب بھر میں لوگوں کے پاس ہیلتھ انشورنس ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ذمہ داری مشکلات کا شکار غریب ہیں، اس ملک کے قیام کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست تھا تاہم ہم اس سے دور نکل گئے، اب ہم اس مقصد کی جانب گامزن ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کی مدد ہمارا فرض ہے، ہم اپنے ملک کے مستقبل، غربت میں کمی اور خوشحالی کیلئے آپ کی مدد کریں گے، ہماری حکومت ہر وقت کاشتکاروں کے ساتھ کھڑی ہو گی۔