حیدرآباد؛ یوم آزادی حب الوطنی، قومی جوش و جذبے سے منایا جارہا، پرچم کشائی کی گئی

48

حیدرآباد، 14 اگست ( اے پی پی): ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی یوم آزادی حب الوطنی اور قومی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، اس ضمن میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد ایچ ڈی اے سیکٹریٹ حیدرآباد کے احاطے میں کیا گیا۔

تقریب سے خصوصی طور پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ انشااللہ رہتی دنیا تک پاکستان آزاد رہے گا اور ایک ذمہ دار پاکستانی کی حیثیت سے ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور نیک نامی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا آباواجداد کی بے مثال قربانی سے پاکستان آزاد ہوا اور ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے ملک کیلئے قربانی دینے والے افواج پاکستان اور سندھ پولیس کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی فورسز پر فخر ہے۔ انہوں نے عوام الناس کو اپیل کی کہ وہ موجودہ کرونا وائرس کی صورتحال میں وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے انتظامیہ کی کوششوں میں اس کا بھر پور ساتھ دیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں کیونکہ کرونا ایک حقیقت ہے جس کیلئے ویکسینیش انتہائی اہم ہے اس لیے اپنی اور اپنے خاندان کی ویکسینیشن کروائیں اور ماسک استعمال کو اپنا معمول بنائیں کیوں کہ احتیاط ہی اس وبا سے تحفظ کا واحد حل ہے۔

ڈپٹی انسپیکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد شرجیل احمد کھرل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کے شہداءاور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا کہ یوم آزادی منانے کا مقصد نہ صرف اظہار حب الوطنی ہے بلکہ اپنے ابا و اجد کی قربانیوں سے سیکھنا ہے کہ جب بھی ملک پرکوئی مشکل وقت آئے تو اس وقت ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے عوام الناس کو کورونا وائرس سے بچا ؤ کی  ویکسینیشن کروانے کی اپیل اور کہا کہ احتیاط افسوس سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب پاکستانی کی حیثیت سے ہمیں اپنے شہر صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے-

تقریب  میں قومی ترانہ کی دھن کے ساتھ پرچم کشائی کی گئی جبکہ پولیس بینڈ نے اپنے مخصوص انداز میں سلامی پیش کی۔

تقریب میں  ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل احمد کھرل اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے خصوصی طور پر شرکت کی۔