ملتان،16اگست(اے پی پی): ڈویژن بھر میں سخت سیکیورٹی کے باعث پرامن ماحول میں مجالس و جلوس جاری۔ سیاسی قیادت،ڈویژنل انتظامیہ و پولیس قیام امن کیلئے مؤثر اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کی صدارت میں ڈویژن کی وڈیو لنک کانفرنس ہوئی۔ کمشنر جاوید اختر محمود اور ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی بھی شریک ہوئے، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد,سی پی او منیر مسعود مارتھ،پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی اور ایم این اے احمد حیسن ڈیہٹر بھی موجود تھے۔ وہاڑی ،خانیوال اور لودھراں کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی بریفننگ دی۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عاشورہ ایام میں مثالی امن کیلئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں اور کہا سیاسی و مذہبی قیادت پرامن ماحول یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ محرم روٹس پر مثالی انتظامات اور سیکیورٹی سے مطمئین ہیں۔ شہر اولیاء نے ہمیشہ مثالی امن کا دنیا بھر کو پیغام دیا ہے۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ حساس مقامات اور مجالس کی سخت سیکیورٹی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور کہا کہ بدامنی اور منافرت پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن،واسا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سمیت تمام ادارے 24 گھنٹے الرٹ ہیں۔
آر پی او سید خرم علی نے کہا کہ محرم الحرام پر مذہبی اشتعال اور نفرت پھیلانے والوں کو بھرپور جواب دینگے پولیس کو رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کی بھی مکمل معاونت حاصل ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ امن کا پیغام عام کرنے کیلئے مذہبی رہنماء اور سول سوسائٹی انتظامیہ کا ساتھ دے محرم روٹس پر عزاداروں کی سہولت کیلئے تمام تعمیراتی کام مکمل کئے جاچکے ہیں۔
سی پی او نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران ہر جلوس و مجلس پر ڈیوٹی سرانجام دینگے اور معاون خصوصی جاوید اختر انصاری اور ایم این اے احمد حیسن ڈیہٹر نے بھی خطاب کیا۔