وہاڑی؛35 ڈبلیو بی میں دیہی مرکز مال کے دفتر کا افتتاح کر دیا گیا

29

وہاڑی،16اگست  (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی اور تحریک انصاف کے ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے 35 ڈبلیو بی میں دیہی مرکز مال کے دفتر کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع وہاڑی میں 21دیہی مراکز مال قائم کر دیئے گئے ہیں، ہر قانونگوئی میں مرکز مال قائم کیا جا رہاہے، دیہی مرکز مال سے عوام کو فرد ملکیت کا حصول، اراضی کے انتقالات اور دیگر ریونیو سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا لوگوں کو انکی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی احسن اقدام ہے، دیہی مرکز مال 35ڈبلیو بی میں ایک ہی جگہ پر 4سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریونیو سروسز، کسان سہولت مرکز، لائیو سٹاک مدد گار سنٹر اور ڈسپنسری کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کے اجراء کی رجسٹریشن کی جائے گی، حکومت کی طرف سے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے 5ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ کاشتکاروں کو کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی قیمتوں اور فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، کاشتکاروں کو فصلوں کی بہتر پیداوار کیلئے رہنمائی دی جائے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے فراہم کی جانیوالی سبسڈی سکیموں کے بارے میں آگاہی دی جائے گی،حکومت پنجاب لائیو سٹاک کے شعبے میں بھی مختلف سکیموں پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے، دیہی مرکز مال میں مویشی پال حضرات کی بھی مکمل رہنمائی کی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنر مبین الہی  نے کہا کہ عوام کے لائیو سٹاک کے پراجیکٹس کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی ،مویشی پال حضرات کو جانوروں کی ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی، دیہی مرکز مال پر موجود لائیو سٹا ک کے ڈاکٹرز اور عملہ جانوروں کے علاج معالجے کیلئے بھی تعاون کریں گے، قریبی علاقوں کے رہائشیوں اور کاشتکاروں کو دیہی مرکز مال سے بھر پور فائد ہ اٹھانا چاہیے، دیہی مرکز مال 35ڈبلیو بی میں انسانی علاج کیلئے ڈسپنسری کی سہولت بھی موجود ہے ۔

ممبر صوبائی اسمبلی اعجاز سلطان بندیشہ نے اس موقع پر کہا کہ دیہی مرکز مال 35ڈبلیو بی کا قیام اہل علاقہ کیلئے ایک بہت اہم سہولت ثابت ہو گی،  موجودہ حکومت کا شتکاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، موجودہ حکومت نے فصلوں کو کیش کراپ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کسان کارڈ کاشتکاروں کی فلاح کا ایک ذریعہ ہے، زراعت ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہمارا کسان خوشحال ہو گا تو ہمارا ملک ترقی کرے گا۔

 ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے   کہا کہ ضلعی انتظامیہ وہاڑی بہتر ین انداز سے عوامی خدمت کر رہی ہے ،دیہی مرکز مال میں ایک ہی چھت تلے 4سہولیات کی فراہمی ایک بہترین اقدام ہے، لڈن میں ریسکیو 1122اور ڈی پی ایس سکول بنائے جا رہے ہیں، رتہ ٹبہ میں گرلز کالج بنایا جائے گا، پورے علاقے میں فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام بھی بھر پور طریقے سے جاری ہے، سابقہ ادوار کی نسبت موجودہ حکومت کے ترقیاتی کام بہت زیادہ ہیں، ہمیں ایک دوسرے پر تنقید کی بجائے خود احتسابی کرنا ہو گی۔ نمبر دارز، یوسی چیئرمینز اور دیگر معززین اپنے علاقوں میں دیہی مرکز مال کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کریں۔

اے ڈی سی ریونیو اشفاق الرحمن خان نے اس موقع پر کہا کہ دیہی مراکز مال کے قیام سے لوگوں کو شہر کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، ریونیو فیلڈ سٹاف کی وہاڑی میں بھرتی کر کے تعیناتی کر دی گئی ہے، دیہی مرکز مال 35ڈبلیو بی کے قیام سے 10پٹوار سرکل جس میں تقریبا ً 22دیہات شامل ہیں کو فائدہ پہنچے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر محمد جعفر چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ دیہی مرکز مال35ڈبلیو بی اہل علاقہ کیلئے خوش آئین ثابت ہو گا، اہل علاقہ کو ایک بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، دیہی مرکز مال 35 ڈبلیوبی کے قیام میں سماجی رہنما محمد حماد رضا اور پٹوار ی طالب حسین کی محنت شامل ہے۔

یوسی چیئر مین بابر منظوردوگل نے کہا کہ دیہی مرکز مال 35ڈبلیو بی کے قیام پر ڈپٹی کمشنر مبین الہی اور ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ کے انتہائی شکر گزار ہیں، ایک ہی چھت تلے 4سہولیات کی فراہمی اپنی مثال آپ ہے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مبین الہی، ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ، اے ڈی سی ریونیو اشفاق الرحمن خان اور اے سی وہاڑی محمدجعفر چوہدری نے دیہی مرکز مال 35ڈبلیو بی میں پودے بھی لگائے۔