ترک تاجر اور سرمایہ کار پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، کان کنی ، مالیات ، صنعت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں؛ ڈاکٹر عارف علوی

19

استنبول،16اگست  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ترک تاجر اور سرمایہ کار پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، کان کنی ، مالیات ، صنعت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

 صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ترکی کی معروف کمپنیوں کے کاروباری وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو یہاں استنبول میں ان سے ملاقات کی۔ وفد صنعتی گروپوں کے ساتھ ساتھ توانائی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، صحت اور الیکٹرانکس سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ترک کمپنیوں کے چیئر مین/سی ای اوز پر مشتمل تھا۔ شرکاء میں زورلو انرجی ، ارسیلک ، ایکزاکاب ہولڈنگ ، ویریپارک ، ٹوبیساد (ترک انفارمیٹکس انڈسٹری ایسوسی ایشن) اور بیرونی اقتصادی تعلقات بورڈ کی ترکی پاکستان بزنس کونسل (ٹی پی بی سی) شامل تھے۔

 جیو اکنامکس پر پاکستان کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے  صدر مملکت نے پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول اور کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی طرف توجہ مبذول کرائی۔

 وفد کے مختلف اراکین نے صدر کو اپنے متعلقہ کاروبار اور ممکنہ منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا جوپاکستان میں مختلف شعبوں میں  غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے شروع کئے جا سکتے ہیں۔ ترک تاجروں نے پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے میں مدد کے لئے اپنی مہارت اور مشاورتی مدد کی پیشکش کی۔ وفود نے صدر کو پاکستان میں موجودترک سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جبکہ صدر مملکت نے ان مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔