ملتان،17اگست(اے پی پی): ڈویژن بھر میں سخت سیکیورٹی کے باعث پرامن ماحول میں مجالس و جلوس کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈویژنل انتظامیہ و پولیس قیام امن کیلئے مؤثر اقدامات پر عمل پیرا ہے، سیاسی و مذہبی قیادت کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے محرم الحرام کے انتظامات چیک کرنے کیلئے ضلع خانیوال کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا جبکہ مرکزی امام بارگاہ، جلوس روٹس کا بھی دورہ کیا اور عزاداران و منتظمین سے بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈی پی او محمد علی وسیم بھی موجود تھے۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام میں مثالی امن کیلئے سخت اقدامات کئے ہیں۔ وطن عزیز میں امن اور رواداری کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کنٹرول روم کو 216 لائیو کیمروں سے منسلک کیا گیا ہے۔ تمام روٹس کی جیو میپنگ کی گئی ہے۔ ضلع خانیوال میں 119 مجالس اور 21 جلوس نکالے جائیں گے۔ امن کا پیغام عام کرنے کیلئے مذہبی رہنماءاور سول سوسائٹی کا انتظامیہ کو تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم روٹس پر عزاداروں کی سہولت کیلئے تمام تعمیراتی کام مکمل کئے جاچکے ہیں، میونسپل کمیٹی سمیت تمام ادارے 24 گھنٹے الرٹ ہیں۔ محرم الحرام پر مذہبی اشتعال اور نفرت پھیلانے والوں کو بھرپور جواب دیں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم نے کہا کہ حساس مقامات اور مجالس کی سخت سیکیورٹی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔بدامنی اور منافرت پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ پولیس کو رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل معاونت حاصل ہے۔علاوہ ازیں محرم روٹس پر مثالی انتظامات پر عزاداران و منتظمین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ و پولیس کو سراہا اور کہا کہ خانیوال نے ہمیشہ مثالی امن کا دنیا بھر کو پیغام دیا ہے۔اتحاد اورامن وقت کی اہم ضرورت اور وطن عزیز کی بقا کیلئے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر دیگر افسران اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے