بہاولنگر؛ وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی ذیشان رمضان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

13

بہاولنگر،18اگست  (اے پی پی ): وزیرستان میں دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی ذیشان رمضان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہید کی نماز جنازہ انکے آبائی ضلع بہاولنگر کے گاؤں 238 نائن آر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران،اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 شہید ذیشان رمضان نے 12 مارچ 2020ء کو پاک فوج میں شمولیت اختیار کی شہید کے جسد خاکی کو آبائی گاؤں 238 نائن آر لایا گیا چک 238 نائن آر کے قبرستان میں شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

 شہید کی نماز جنازہ تدفین کے موقع پر پرجوش مناظر نظر آئے فضا نعرہ تکبیر،نعرہ رسالت پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ شہید ذیشان رمضان کے سوگواران میں والد،والدہ،1 بھائی اور تین بہنیں شامل ہیں۔