بیرونی طاقتیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں،1400سال سے جاری حسینی اور یزیدی فکر کی جنگ اب ہائبرڈ وارمیں تبدیل ہوچکی ہے؛وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کاحسینیہ کانفرنس سے خطاب

39

ملتان،18اگست  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا خطہ ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔بیرونی طاقتیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، قوم کو تقسیم اور دل آزاری کرکے منظم تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایک منظم سازش کے ذریعے اندرونی انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں ایسی قوتوں کو بے نقاب کرنا ہوگا اور منہ توڑ جواب دینا ہوگا،ہم نے 750ویب سائٹس کو بے نقاب کیا جو داخلی انتشار پیدا کررہی ہیں، ان ویب سائٹ کے تانے بانے ان ممالک سے ملتے ہیں جو داخلی انتشا رپھیلانا چاہتے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بدھ کے روز انجمن ثقافت پاکستان کے زیر اہتمام رضا ہال ملتان میں 43ویں سالانہ حسینیہ کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرخارجہ نے   کہا کہ حسینی اور یزیدی فکرکی جنگ 1400سالوں سے جاری ہے ،جنگ کی شکل اور انداز بدل گئے ہیں اس وقت ہائیبرڈ وار چل رہی ہے ، سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے، بالخصوص ایسی پوسٹیں لگائی جارہی ہیں جو دل آزاری کا سبب بن رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور منفی پروپیگنڈہ ہائیبرڈ وار کا حصہ ہیں،حسینیہ کانفرنس کا مقصد مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کو یکجا کرکے یکجہتی کا پیغام دینا ہے، اس پلیٹ فارم سے یگانگت ، اخوت  ، یکجہتی اور برداشت کا پیغام آگے جاتا ہے۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ حسینیہ کانفرنس کی ماضی کی نسبت اب زیادہ ضرورت ہے،باہمی احترام و وضع داری کا مظاہرہ مدینہ اولیا شہر میں نظرآتا ہے، حسینیہ کانفر نس کا پیغام اور نظریہ بھی یہی ہے۔انہوں  نے کہا کہ  ملتان میں گزشتہ 43سال سے 9محرم کو حسینیہ کانفرنس کا انعقاد ہوتا چلا آرہاہے جو خوش آئند بات ہے، نیک نیتی سے حسینیہ کانفرنس منعقد کرنے والے کو اجرعظیم ملے گا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر ملک نے کہاکہ امام عالی مقام کی قربانی خود احتسابی کا درس دیتی ہے ، امام عالی مقام کسی ایک فرقہ کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے امام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں، مغرب میں اسلامو فوبیا کے خلاف بھرپور جنگ لڑی ، فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر بلند کیا ،جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 اس موقع پرصوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی نے بھی خطاب کیا۔ حسینیہ کانفرنس میں مخدوم سید علی مہدی شمسی سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ شمس ‘مخدوم سید حسن رضا مشہدی سجادہ نشین حضرت بری امام ،مہمان اعزاز تھے جبکہ مخدوم سید ذوہیب گیلانی سجادہ نشین درگاہ حضرت سخی نواب و چیئرمین حسینیہ کانفرنس میزبان تھے۔علاو ازیں مفتی غلام مصطفی رضوی ، علامہ سلیم حیدر آف اسلام آباد، علامہ عبدالحق مجاہد (دیوبند) علامہ عنایت اللہ رحمانی( اہل حدیث) ، پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قاری (بریلوی) ، علامہ عبدالحنان حیدری(اہلحدیث) ، علامہ انوار الحق مجاہد(دیوبند) ، سید زاہد حسین گردیزی ، ملک خاور شفقت بھٹہ ممبر امن کمیٹی پنجاب، رکن الدین قادری( بریلوی) ، سبطین رضا لودھی بانی کانفرنس سمیت دیگر مقررین میں شامل تھے۔