ملتان؛ کمشنر جاوید اختر کا ممتاز آباد اور دیگر جلوس روٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات چیک کئے

22

ملتان، 18 اگست (اے پی پی):  کمشنر جاوید اختر محمود نے  محرام الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں شہر بھر کے اچانک دورے کیے۔ انہوں نے آر پی او سید خرم علی کے ہمراہ ممتاز آباد اور دیگر جلوس روٹس پر سکیورٹی انتظامات چیک کئے۔کمشنر اور آر پی او نے ممتاز آباد میں قائم کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا، ایس ایس پی آپریشنز اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر نے بریفننگ دی۔

 کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ ممتاز آباد سمیت 9 محرام الحرام کے تمام مرکزی جلوس پرامن انداز میں رواں دواں ہیں، پولیس اور سکیورٹی اداروں نے قیام امن کیلئے مثالی انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کیلئے میڈیکل کیمپس سمیت دیگر سہولیات کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

 آر پی او سید خرم علی نے کہا کہ سخت موسم میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کا عزم مثالی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں کی بھرپور سکریننگ کی جائے۔